کرناٹک میں اسمبلی انتخاب قریب ہے اور ایسے میں قومی پارٹیوں کے لیڈران کا ریاست کا دورہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کے بعد راہل گاندھی نے آج پہلی بار کرناٹک کا دورہ کیا اور نوجوانوں و بے روزگاروں کے لیے کئی پرکشش اعلانات کیے۔ کرناٹک کے بیلگاوی میں راہل گاندھی نے عوام سے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر کرناٹک میں کانگریس کی حکومت آتی ہے تو گریجویٹ نوجوانوں کو 3000 روپے ماہانہ 2 سال تک دیئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں ڈپلومہ ہولڈرس کو 2 سال تک 1500 روپے ماہانہ بھتہ کی شکل میں دیئے جائیں گے۔
راہل گاندھی نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے نوکری کی سوغات پیش کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انھوں وعدہ کیا کہ کانگریس کی حکومت آنے کے بعد 10 لاکھ نوجوانوں کو ریاست میں روزگار فراہم کیا جائے گا۔ ساتھ ہی 2.5 لاکھ سرکاری اسامیوں کو بھرا جائے گا۔ ’گرہ لکشمی اسکیم‘ کے تحت خواتین کو ہر ماہ 2 ہزار روپے دیئے جانے کا وعدہ بھی کانگریس لیڈر نے کیا، اور ساتھ ہی بی پی ایل فیملی کو ’اَنّ بھاگیہ اسکیم‘ کے تحت ہر ماہ 10 کلوگرام چاول مہیا کیے جانے کا وعدہ کیا۔