بنیادی صفحہ / بھٹکل و اطراف / آئی آر بی کمپنی  کی طرف سے قومی شاہراہ کا نامکمل کام : جلد کام نپٹانے کے لیے  سرکل پر  سے فلائی اوور بھی ہوا غائب ۔ قومی شاہراہ ڈیولپمنٹ کمیٹی  کا  سخت اعتراض

آئی آر بی کمپنی  کی طرف سے قومی شاہراہ کا نامکمل کام : جلد کام نپٹانے کے لیے  سرکل پر  سے فلائی اوور بھی ہوا غائب ۔ قومی شاہراہ ڈیولپمنٹ کمیٹی  کا  سخت اعتراض

Print Friendly, PDF & Email

بھٹکل : 29  جنوری،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں دس سال سے آئی آر بی کمپنی کے طرف سے قومی شاہراہ  فور لائن کا کام جاری ہے لیکن اس کے بعد بھی شاہراہ کا کام نامکمل ہے اور اب جلدائی میں مارچ کے آخر تک کام ختم کرنے کے لیے کمپنی نے سرکل پر سے فلائی اوور کو ہی غائب کردیا ہے  اور عوام کی حفاظت کا کوئی خیال نہیں رکھا ہے۔ ان باتوں کی جانکاری نیشنل ہائی وے ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے صدر راجیش نائک نے دی وہ آج یہاں  اخباری کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے ۔

انہوں نے اس موقع  پر ہائی وے کی تعمیر کے آغاز سے اب تک کی تمام جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ  آئی آر بی کمپنی کے ساتھ یہاں کے عوام نے ہمیشہ تعاون کیا ہے لیکن کمپنی عوام کے تحفظ کا خیال نہیں رکھتے ہوئے اپنی سہولت کے مطابق کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی قریب 15 دن پہلے  ہمیں خبر ملی ہے کہ اب سرکل پر فلائی اوور یا ریامپ کچھ بھی تعمیر نہیں ہوگا بلکہ  جس حال میں سڑک ہے ویسے ہی  اس  کو آگے بڑھایا جائے گا۔ راجیش نائک  نے یہ بھی بتایا کہ اس خبر کی سچائی کے تعلق سے وہ وثوق کے ساتھ تو کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ سرکاری سطح پر ایسی کوئی مستند خبر نہیں دی گئی ہے۔ البتہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بات کی جانکاری ہے کہ  کمپنی کو ہائی وے فور لائن تعمیر کا کام 31 مارچ تک ختم کرنا ہے، اس لیے بہت ممکن ہے کہ وقت کم ہونے کی وجہ سے دی گئی مہلت کے اندر کام ختم کرنے کے لیے کمپنی فلائی اوور اور ریامپ سب کچھ ختم کرکے صرف روڈ کو ہی چوڑا کرکے آگے بڑھنے کا منصوبہ بنا ئے گی ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر اس سے عوام کو بہت تکلیف ہوگی ۔انہوں نے اس موقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے عوام کے تحفظات کو پامال کرنے کے باوجود  نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا اس پر کچھ کارروائی نہیں کر رہی ہے اس سے ایسا لگتا ہے کہ محکمہ خود کمپنی کی پشست پناہی کر رہا ہے۔

اس موقع پر دیگر مطالبات پر بھی غور کیا گیا اور ہائی وے  کی تعمیر کو لے کر ہونےوالی پریشانیوں کا تذکرہ کیا گیا۔  اس  اخباری کانفرنس میں قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، نائب صدر رکن الدین محی الدین، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی اور تنظیم کے سابق صدر ایس ایم پرویز موجود تھے۔ اس موقع پر تنظیم کی طرف سے   یقین دلایا گیا کہ  بھٹکل نیشنل ہائی وے ڈیولپمنٹ کمیٹی کو تنظیم کی طرف سے مکمل حمایت دی جائے گی اورمطالبات کو قبول نہ کرنے کی صورت میں تنظیم  بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے کے لئےبھی   ہرممکن  تعاون دے گی۔ بھٹکل نیشنل ہائی وے ڈیولپمنٹ کمیٹی کے ذمہ داران میں ستیش کمار،  محمد سائب محتشم اور اقبال  رکن الدین وغیرہ موجود تھے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*