بنیادی صفحہ / بھٹکل و اطراف / مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کا سالانہ اجلاس عام: مقررین نے حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد کی بھی ادائیگی پر دیا زور

مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کا سالانہ اجلاس عام: مقررین نے حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد کی بھی ادائیگی پر دیا زور

Print Friendly, PDF & Email

بھٹکل: 2 جنوری،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کا سالانہ اجلاس عام یکم جنوری جمعہ کو بعد نماز عشاء 08:30 بجے خلیفہ جامع مسجد میں منعقد ہوا جس میں جماعت کی سالانہ کار گذاری اور گوشوارے کے ساتھ ساتھ علماء  کرام کے بیانات   بھی ہوئے ۔

اس موقع پر قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین نے میاں بیوی کے حقوق کو پورا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میاں بیوی ایک مرتبہ نکاح میں آنے کے بعد  وہ دونوں بہت ہی پاک بندھن میں بندھ جاتے جو اللہ کے نام پر ہوتا ہے۔اس رشتہ کو نبھانے کی فکر کرنی چاہئے اور ذرا ذرا سی بات پر ناراض ہونے کے بجائے آپسی مودت و محبت سے کام لینا چاہئے۔

مولانا نے اس موقع پر قرآن سیکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں اور عورتوں کو اور جو جس عمر میں ہے اسے چاہئے کہ وہ قرآن سیکھے ۔مولانا نے اس موقع پر 63 سالہ بھٹکل کی حافظہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سبھوں کو ان سے سبق لے کر قرآن کو حفظ کرنے کی ضرورت ہے۔

مولانا نے سوشیل میڈیا کا استعمال صحیح مقصد کے لیے کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے مسائل کو انٹرنٹ کے بجائے علماء کرام سے براہ راست معلوم کریں اور اپنے تعلق کو ان سے جوڑ کر دین کے متعلق صحیح معلومات حاصل کریں۔

چیف قاضی نے حاضرین کو کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں جو دین دیا ہے ہم اس کی قدر کریں  اور ان تمام لوگوں کے حقوق کو پورا کریں جن کے ہم پر لازم ہیں۔

اس کے علاوہ اس موقع پر مولانا جعفر فقیہ ندوی نے بھی  اپنے خیالات کا اظہار کیا اور صدر جلسہ  جناب  جعفر محتشم صاحب نےصدارتی کلمات پیش کیے۔

اجلاس کا آغاز مولانا مصدق ہلارے کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد محی الدین چیڈو باپا نے نعت پیش کی، استقبالیہ کلمات  محتشم محمد ہاشم صاحب نے پیش کیے جبکہ  نائب سکریٹری جماعت  جناب اسماعیل انجم گنگاولی  نے جماعت کی سالانہ کارکردگی پیش کی۔اسی طرح مولوی  محمدیاسین نائیطے ندوی نے شعبہ تعلیم و ثقافت کی رپورٹ پیش کی اور جناب طلحہ سدی باپا صاحب نے شعبہ دعوت و اصلاح کی رپورٹ پڑھ کر سنائی۔سکریٹری مالیات اسماعیل جوپاپو نے گوشوارہ پیش کیا جس کے بعد وقفہ سوالات دیا گیا۔

اجلاس کا اختتام جناب سدی باپا محمد علی کے شکریہ  کلمات اور مولانا ارشاد نائیطے ندوی کی دعا  پر ہوا ۔اجلاس کی نظامت مولوی شعیب جوکاکو ندوی اور جناب محتشم ہاشم صاحب نے انجام دی۔

x

Check Also

بھٹکل واطراف میں کہیں پر بھی ہلال عید نظر نہیں آیا؛ 30/روزے ہوں گے مکمل

بھٹکل: 11 مئی، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) قاضی صاحبان کی اطلاع کے ...