بھٹکل : 18 دسمبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کے تاجروں کی ہمت افزائی اور ان کی تجارت کو فروغ دینے کے لیے بھٹکل میں 30 دسمبر سے تین دن کا ٹریڈ ایکسپو منعقد ہورہا ہے جس کا آغاز 30 دسمبر،2022 بروز جمعہ بعد نماز عصر سے ہوگا اور یہ یکم جنوری،2023 تک چلے گا۔ اس کی اطلاع انڈین نوائط فورم کے صدر جناب عبدالمجید جوکاکو نے دی وہ آج یہاں منعقد اخباری کانفرنس میں ٹریڈ ایکسپو کی جانکاری دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس درمیان میں 31 دسمبر کو انجمن میں نوجوانوں کے لیے لیڈرشپ ورکشاپ بھی ہوگا جس میں مشہور موٹیویشنل مقرر راشد غزالی شریک ہونگے اور لیڈر شپ کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ۔ جبکہ ایکسپو کے لیے ریفاہ چیمبرس اینڈ ٹریڈ کے سکریٹری اس میں مہمان خصوصی رہیں گے۔
اس موقع پر ٹریڈ ایکسپو کے کنوینر جناب ارشد محتشم نے اس ٹریڈ ایکسپو کو رکھنے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا ایکسپو بھٹکل کی تاریخ میں پہلی بار ہورہا ہے جو کہ 30 دسمبر کو بھٹکل تعلقہ اسٹیڈیم نوائط کالونی (وائی ایم ایس اے) میں عصر بعد سے شروع ہوگا ۔
انہوں نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ اس ایکسپو میں تقریبا 170 اسٹال ہونگےجس میں بھٹکل کے تاجر حضرات اپنا سامان لاکر رکھ سکیں گے جن میں عورتوں کو بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے اس کا مقصد بتاتے ہوئے کہا کہ نوائط قوم میں اس وقت آسانی سے کمانے کا رجحان بڑھ رہا ہے اس لیے ان کا میلان تجارت کی طرف کرانے کے لیے اس ایکسپو کا انعقاد کیا جارہاہے۔
انہوں نےاس کے مزید مقاصد کو گناتے ہوئے کہا کہ اس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ جو نوائط تاجر بھٹکل میں تجارت کر رہے ہیں ان کی ہمت افزائی کی جائے اور انہیں مشہور کرکے آگے بڑھایا جائے ، اس کے علاوہ نوجوان نسل کو تجارت کے نئے میدانوں سے متعارف کرایا جائے ۔ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شہر میں ایک ہی طرح کے کئی کاروبار چل رہے ہیں جس کی وجہ سے فائدہ ہونے کے بجائے نقصان ہورہا ہے اس لیے انہیں اس میدان میں دیگر مواقع کی تلاش کروانا بھی ہے۔
ارشد صاحب نے کہا کہ اس ایکسپو کے ذریعے بھٹکل شہر میں بننے والی چیزوں کو کیسے رکھا جائے اور اسے باہر بھیج کر کیسے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اس س کی بھی معلومات دی جائیں گی اور بھی بہت ساری چیزیں اس ایکسپو کے ذریعے کرائی جائیں گی ۔
کنوینر نے کہا کہ آگے جاکر آئی این ایف کے ذریعے شہر کے تاجروں کو سامان کی پیکیجنگ کرنےکا طریقہ اورمقامی چیزوں کو دوسرے شہروں تک بھیجنے کے قابل بنانے کی تیکنیک بھی سکھائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی اس کے لیے جو جو لائسنس وغیرہ اور قانونی طور پر جو چیزیں اس کے لیے درکار ہیں اس کے تعلق سے بھی پوری معلومات دی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ اس میں بھٹکل کے تمام تاجروں کو حصہ لینے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
اس موقع پر جناب آفتاب کولا صاحب اور دیگر حضرات بھی موجود تھے۔