بنیادی صفحہ / بھٹکل و اطراف / بچوں کو کتابوں سے قریب کرنے مختلف مقابلوں اور دلچسپ چیزوں کے ساتھ منعقد ہورہا ہے بھٹکل میں سات دنوں کا کتاب میلہ

بچوں کو کتابوں سے قریب کرنے مختلف مقابلوں اور دلچسپ چیزوں کے ساتھ منعقد ہورہا ہے بھٹکل میں سات دنوں کا کتاب میلہ

Print Friendly, PDF & Email

بھٹکل : 31 جنوری، 2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  بھٹکل کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا کتاب میلہ ادارہ اطفال کے زیر اہتمام منعقد ہونے جارہا ہے جس کا آغاز 3 فروری کو نوائط کالونی تعلقہ اسٹیڈیم میدان میں  ہوگا اور یہ میلہ 9 فروری تک جاری رہے گا ۔ اس کی جانکاری کتاب میلہ کے کنوینرمولوی عبداللہ دامدابو ندوی نے دی وہ یہاں نوائط کالونی میں واقع پھول دفتر میں اخباری نمائندوں کو اس میلے کی تفصیلات بتا رہے تھے۔

انہوں نے اس موقع پر میلے میں منعقد ہونے والے مختلف پروگرام اور دلچسپ مقابلوں کی بھی جانکاری دی اور کہا کہ ان تمام چیزوں کا مقصد نئی نسل کو کتابوں سے قریب لانا اور ان میں غیر درسی مطالعہ کا شوق پیدا کرنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس  میلے کی خصوصیت یہ ہوگی کہ اس میں 90 فیصد لٹریچر بچوں کے تعلق سے ہوگا جبکہ اس میں  بڑوں ک ے ذوق کے مطابق بھی لٹریچر موجود ہوگا۔

کنوینر نے کہا کہ موجودہ زمانے میں یہ ایک عام سوچ ہے کہ بچے پڑھتے نہیں ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ اس سوچ کو غلط قرار دیا جائے اور انہیں ان کے پسند کے مطابق لٹریچر دے کر پڑھائی پر آمادہ کیا جائے،  اس لیے اس میں ہندوستان بھر کے پبلشر کو دعوت دی گئی  ہے  جس کی وجہ سے اس میں ہندوستان بھر کے 50 مشہور پبلشرس  نے شرکت کرنے کی  یقین دہانی  کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بڑی اکیڈمیوں کے ذمہ داران ، حکومتی پیمانے پر اردو کے لیے خدمت کرنے والے اور ہندوستان گیر پیمانے پر جنہوں نے اردو اور بچوں کے ادب  کے لیے اپنی خدمات پیش کی ہیں وہ بھی اس کتاب میلے میں تشریف لائیں گے۔

 

انہوں نے بتایا کہ اس میلے میں رات  8:30 سے 10:30 تک بچوں کے لیے الگ الگ اسٹیج شو رہیں گے۔ اس میں بچوں میں  چھپے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے  گا  اور ساتھ ہی ساتھ مکالمے، تاریخی ڈرامے، بچوں کا مشاعرہ اور کہکشاں کے نام ایک رات بھی سجے گی۔

مولوی عبداللہ ندوی کے مطابق اس میلہ کی خاص بات یہ رہے گی کہ کھیل کا ایک الگ ہی شعبہ اس میں رکھا جائے گا جس میں بڑے بڑے گیمز ہونگے لیکن اس میں ٹکٹ نہیں رہے گی بلکہ ہر دو سو روپئے کی کتابیں خریدنے پر انہیں ٹوکن دیا جائے گا اور اسی بناء پر انہیں اس میں داخلہ دیا جائے گا۔  اس کے ساتھ ساتھ  بڑوں کے لیے بھی کتابوں کا الگ شعبہ رہے گا جس میں اردو ،انگریزی اور عربی کے ساتھ ساتھ کنڑا زبان  کی کتابیں بھی رہیں گی۔

اس موقع پر ماہنامہ پھول کے مدیر اعلیٰ مولوی سمعان خلیفہ ندوی نے بھی میلے کے تعلق سے جانکاری دی اور کہا کہ   آج کے ماحول میں بچوں  میں مطالعے کا رجحان کم اور موبائل فون کا رجحان بہت زیادہ ہوگیا ہے اسی لیے ہم  بچوں کی نفسیات کو دیکھتے ہوئے   کتابیں تیار کر رہے ہیں  اور یہ کتاب میلہ بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔اس موقع پر انہوں نے عوام اور بچوں کے سرپرستوں سے گذارش کی کہ وہ خود بھی اس میں حاضر ہوں اور اپنے بچوں کو بھی اس میں بھیج  کر  مطالعہ کا شوق پیدا کریں۔

اس موقع پر مولوی سعود شنگیٹی  ندوی اور مولوی محمد میراں معظم ندوی بھی موجود تھے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*