فلسطین میں آج اسرائیلی فوج اور پولس کی طرف سے کھڑی کی رکاوٹوں کے باوجود ایک لاکھ مسلمانوں نے مسجد اقصیٰ میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج، پولس اور یہودی آباد کاروں نے قبلہ اول میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کا بھی ارتکاب کیا۔
فلسطینی خبر رساں ادارے ‘وفا’ کے مطابق قابض فوج اور پولس نے مسجد اقصیٰ میں عید کی نماز کے لیے جمع ہزاروں فلسطینیوں پر اشک آورگیس کی شیلنگ، صوتی بمبوں اور دھاتی گولیوں کا بے تحاشہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں دسیوں نمازی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج اور پولس اہلکاروں کی بھاری نفری یہودی آباد کاروں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے قبلہ اول میں گھس گئے اور فلسطینیوں پر حملے شروع کردیئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اتوار کو علی الصباح سے فلسطینیوں کی قبلہ اول میں آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ اسرائیلی فوج اور فلسطینی نمازیوں کے درمیان بیت المقدس بالخصوص مسجد اقصیٰ کےاطراف میں کئی مقامات پرجھڑپیں ہوئیں۔
آج اتوار کو سیکڑوں یہودی آباد کار بھی ‘ہیکل سلیمانی کی تباہی’ کی یاد میں مذہبی رسومات کی ادائی کے لیے قبلہ اول میں داخل ہوئے۔