بنیادی صفحہ / صوبائی / بی جے پی لیڈر بھگوان کے نام پر ماحول مکدر کررہے ہیں قانون شکنوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے وزیر داخلہ کا انتباہ

بی جے پی لیڈر بھگوان کے نام پر ماحول مکدر کررہے ہیں قانون شکنوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے وزیر داخلہ کا انتباہ

Print Friendly, PDF & Email

بنگلورو۔5؍دسمبر (سالار نیوز) وزیرداخلہ رام لنگا ریڈی نے بی جے پی لیڈر پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ وہ سری رام ہنومان جینتی اور دتا پیٹھا کے نام پر بھکتی سے زیادہ سیاست کرتے ہوئے ریاست میں امن وامان اور نظم وضبط میں خلل پیدا کرنے کی کوشش کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سری رام ۔ ہنومان اور دتاپیٹھا کے لئے بی جے پی سے زیادہ کانگریس لیڈران کے دلوں میں بھکتی ہے۔ بی جے پی لیڈر بھگوان کے نام پر ریاست کی پرامن فضا میں خلل ڈالنے کے حربے استعمال کررہے ہیں انہیں اس معاملہ میں ہرگز کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ پردیش کانگریس کمیٹی دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کی گئی تو ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی تنبیہ کی گئی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ سری رام کے نام پر ایودھیا میں رام مندر تعمیرکرنے کے مقصد سے جو اینٹیں اکٹھا کی گئی تھیں وہ کہاں گئیں ابھی تک اس کا پتا نہیں ہے۔ مرکز اور اترپردیش میں بی جے پی برسراقتدار ہے۔ رام مندر تعمیرکرنے کے لئے انہیں کسی بھی طرح کی کوئی رکاوٹ نہیں۔ اس کے باوجود مندر تعمیرکیوں نہیں کی جارہی ہے؟ یہ سنجیدگی سے سوچنے کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اس تنازعہ کو برقرار رکھ کر سیاست کرنا چاہتی ہے اورو ہ 30؍سے 40؍سال تک رام مندر کو تعمیر نہیں کرے گی۔ مسٹر ریڈی نے کہاکہ بی جے پی لیڈر ریاست میں ا قتدار پر آنے کے جو خواب دیکھنے لگے ہیں اس میں انہیں کامیابی نہیں ملے گی۔ اس فرقہ پرست پارٹی کے لیڈر کیسے ہیں اس کے متعلق ریاستی عوام اچھی طرح واقف ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوانین کے خلاف ورزی کرنے والے بی جے پی لیڈروں کے خلاف کارروائی کے لئے حکومت اپنے قدم پیچھے نہیں ہٹائے گی اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہر فرد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس معاملہ میں کسی سے بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ بی جے پی ریاستی صدر بی ایس ایڈی یورپا مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے ، میسور کے رکن پارلیمان پرتاپ سمہا سمیت بی جے پی کے کئی لیڈر جو جی میں آیا بول رہے ہیں ۔ انہیں قانون کے متعلق کوئی جانکاری نہیں ہے۔ بی جے پی سینئر لیڈران کو چاہئے کہ وہ مذکورہ لیڈروں کو قوانین کے متعلق جانکاری کے لئے ایک تربیت گاہ کا اہتمام کریں۔ انہوں نے سخت کہاکہ قانون کے آگے بی جے پی لیڈران ہو یا کوئی سبھی یکساں ہیں اگر قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی گئی تو ایسے افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔ وزیرداخلہ نے ہنومان جینتی کے موقع پر ہنسور میں ہوئے تشدد کے لئے رکن پارلیمان پرتاپ سمہا کو راست قصور وار ٹھہراتے ہوئے کہاکہ وہ قانون کی خلاف ورزی کرنے کے بجائے جلوس کے لئے پولیس کی جانب سے جس سڑک کی منظوری دی گئی تھی اس کے مطابق جانے کے بجائے اپنی مرضی کے مطابق جلوس نکالنے کی کوشش کرتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ نظم وضبط کو برقرار رکھنے کے لئے جب پویس اہلکار کارروائی کے دوران پرتاپ سمہا سمیت دیگر بی جے پی لیڈروں نے کارروائی میں رکاوٹیں پیدا کی تھی۔ وزیرداخلہ نے بتایا کہ بنگلور شہر میں جرائم کی وارداتوں میں کمی آئی ہے۔ لیکن ٹریفک پولیس تھانوں میں قوانین کی خلاف ورزی کے معاملات میں اضافہ ضرور ہوا ہے۔

x

Check Also

کرناٹک : کمار سوامی نے لیا وزیر اعلی عہدہ کا حلف ، تقریب میں سینئر لیڈروں کی شرکت

کرناٹک میں کانگریس ۔جے ڈی ایس اتحاد کی حکومت بن گئی ہے۔ جے ...