بنیادی صفحہ / صوبائی / بنگلور سے یکم؍اگست کو عازمین کا پہلا قافلہ سوئے حرم روانہ ہوگا 31؍جولائی کو وزیراعلیٰ حج پروازوں کا افتتاح کریں گے۔ امیگریشن جانچ ایر پورٹ پر ہوگا

بنگلور سے یکم؍اگست کو عازمین کا پہلا قافلہ سوئے حرم روانہ ہوگا 31؍جولائی کو وزیراعلیٰ حج پروازوں کا افتتاح کریں گے۔ امیگریشن جانچ ایر پورٹ پر ہوگا

Print Friendly, PDF & Email

بنگلورو:11؍جولائی(سالار نیوز) ریاستی حج کمیٹی کی اطلاع کے مطابق بنگلور ایمبارکیشن پوائنٹ سے عازمین حج کا پہلا قافلہ بروز چہارشنبہ یکم؍اگست 2018ء کی صبح 6:35؍بجے سوئے حرم روانہ ہوگا۔ ریاستی وزیر برائے امور اقلیت، حج واوقاف بی زیڈ ضمیراحمد خان اور ریاستی حج کمیٹی کے صدر نشیں آر روشن بیگ نے آج حج بھون میں عازمین حج کی روانگی اور واپسی کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایاکہ بروز منگل 31؍جولائی کی شام حج بھون کے احاطہ میں ریاستی وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی 2018کے حج پروازوں کا افتتاح کریں گے۔ اس تقریب میں نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور ،کے پی سی سی صدر دنیش گنڈوراؤ کے علاوہ تمام مسلم موجودہ اور سابق لیجسلیٹرس اور عمائدین شرکت کریں گے۔ اس مرتبہ بنگلور سے جملہ 22؍حج پروازیں راست جدہ روانہ ہوں گی جس کے لئے سعودی ایرلائنس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ہر پرواز کے ذریعہ 300؍عازمین روانہ ہوں گے۔ شیڈول کے مطابق 4؍اگست، 7؍اگست اور 15؍اگست ان تین دنوں میں ہردن دو پروازیں روانہ ہوں گی۔ یہاں جاری شیڈول کے مطابق 22؍پروازوں میں سے صرف دو پروازیں شام کے اوقات روانہ ہوں گی یعنی 3؍اگست کو پرواز شب 8:35؍بجے اور 15؍اگست کو آخری پرواز شام 6:05؍بجے بنگلور ایر پورٹ سے اڑان بھریں گی۔ باقی تمام 20؍پروازیں علی الصباح یا صبح کے ابتدائی اوقات میں روانہ ہوں گی۔ اطلاع ملی ہے کہ تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ البتہ روانگی کے اوقات میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔ اس کی اطلاع متعلقہ عازمین کو دی جائے گی۔ اس سفر حج پر روانہ ہورہے عازمین کا سفر 42اور 43؍دنوں پر مشتمل ہے۔ صرف 3؍اگست کو روانہ ہونے والے عازمین کا سفر 41؍دنوں کا ہوگا۔ عازمین کی روانگی اور حج انتظامات میں تعاون کرنے والے متعلقہ افسروں کے ساتھ میٹنگ کے بعد ضمیر احمد خان اور روشن بیگ نے بتاکہ عازمین سے لیگیج حج کیمپ ہی میں موصول کرلیاجائے گا۔ لیکن کسٹم اور امیگریشن جانچ سال گزشتہ کی طرح ایرپورٹ پر ہی کی جائے گی۔ ریاستی حج کمیٹی کے رکن وسابق مرکزی وزیر ڈاکٹر کے رحمٰن خان نے بتایاکہ متعلقہ افسروں نے تیقن دلایا ہے کہ کسٹم اور امیگریشن میں عازمین کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ ایک عازم کے امیگریشن کے لئے صرف 20؍سکینڈ لگیں گے۔ ضمیراحمد خان نے بتایاکہ امیگریشن کے لئے استعمال کیاجانے والا سرور اور سافٹ ویر صرف ایر پورٹوں پر دستیاب رہتاہے۔ اس لئے امیگریشن ایرپورٹ ہی پر ہوگا۔ لیکن متعلقہ افسروں نے کہاہے کہ اس مرتبہ امیگریشن کے کاؤنٹرس کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جارہاہے۔

x

Check Also

منظم سازش کے تحت میرے خلاف لوک آیکتہ میں کی گئی شکایت :عبیداللہ شریف

کرناٹک کے کانگریس لیڈر عبیداللہ شریف نے کہاکہ ان کے خلاف منظم ...