بنیادی صفحہ / قومی / ہندوستان میں کورونا مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ، 24 گھنٹے میں 5 ہزار سے زیادہ معاملے، 157 کی موت

ہندوستان میں کورونا مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ، 24 گھنٹے میں 5 ہزار سے زیادہ معاملے، 157 کی موت

Print Friendly, PDF & Email

نئی دہلی۔ ملک میں کورونا وائرس (كووڈ -19) انفیکشن کے ایک دن میں ریکارڈ پانچ ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی مجموعی تعداد آہستہ آہستہ بڑھتے ہوئے 96 ہزار کے اعداد و شمار کو پار کر گئی ہے اور اس وبا سے ہلاک شدگان کی تعداد بھی اب تین ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 5242 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسی مدت میں 157 افراد کی موت ہوئی ہے۔ ملک بھر میں اب تک 96،169 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 3029 افراد کی موت ہوئی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مسلسل بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ اس بیماری سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور ایسے لوگوں کی تعداد 36 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اب تک 36،824 افراد اس انفیکشن سے مکمل طور پر شفایاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ریاست کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2347 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 33،053 ہو گئی ہے اور کل 1198 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 7688 لوگ اس وبا سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں ریاست گجرات دوسرے نمبر پر ہے۔ گجرات میں اب تک 11379 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 659 اموات ہوئی ہے جبکہ 4499 لوگوں کے علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی مل چکی ہے۔ کورونا وائرس کے کیسز میں پانچ عدد کی فہرست میں تمل ناڈو تیسرے نمبر پر ہے۔ یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 11،224 ہو گئی ہے اور اس وبا سے 78 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ 4172 افراد اس بیماری سے شفایاب ہوئے ہیں۔ قومی دارالحکومت دہلی کی بھی پوزیشن اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے اور یہاں بھی متاثرین کی تعداد پانچ عدد پر پہنچ گئی ہے۔ دہلی میں اب تک 10،054 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 31 مریضوں کی موت کے ساتھ ہلاک شدگان کی تعداد 160 تک پہنچ گئی ہے اور 4485 لوگوں کے علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

راجستھان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ یہاں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 5202 ہو گئی ہے اور 131 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جبکہ 2992 افراد مکمل طور پر ٹھیک ہوئے ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 4259 افراد اس کی زد میں آئے ہیں اور اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 104 ہو گئی ہے جبکہ 2441 لوگ اب تک اس سے شفایاب ہوئے ہیں۔ مغربی بنگال میں 2677 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 238 افراد کی موت ہو چکی ہے اور اب تک 959 لوگ ٹھیک ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں اب تک کورونا وائرس سے 1551 افراد متاثر ہوئے ہیں. ریاست میں جہاں کوروناوائرس سے 34 افراد کی جان گئی ہے، وہیں 992 افراد اب تک شفایاب ہوئے ہیں۔

جنوبی ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں 2407 اور کرناٹک میں 1147 افراد متاثر ہیں اور ان دونوں ریاستوں میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بالترتیب 50 اور 37 ہو گئی ہے۔ وہیں مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1163 ہو گئی ہے جبکہ 13 اموات ہوئی ہیں۔ پنجاب میں 35، ہریانہ میں 14، بہار میں آٹھ، کیرالہ اور اڑیسہ میں چار چار، جھارکھنڈ، چنڈی گڑھ، اور ہماچل پردیش میں تین تین، آسام میں دو اور میگھالیہ، پڈو چیری اور اتراکھنڈ میں ایک ایک شخص کی اس وبا سے موت ہوئی ہے۔

x

Check Also

ممتا حکومت نے مغربی بنگال میں دی سبھی مذہبی مقامات کو کھولنے کی اجازت

مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے جمعہ کو سبھی مذہبی ...