بنیادی صفحہ / قومی / مہاراشٹر: عید قرباں کے موقع پر شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کیے جانے کا مطالبہ

مہاراشٹر: عید قرباں کے موقع پر شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کیے جانے کا مطالبہ

Print Friendly, PDF & Email

ممبئی: عیدالضحیٰ کے موقع پر ریاست مہاراشٹر میں مسلمانوں کے اہم فریضے کو ادا کرنے میں خلل ڈالنے والے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی یہ یقین دہانی آج یہاں مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیوندر فڑنویس نے مسلم اراکین اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری افسران کی ایک میٹنگ کے دوران دی جہاں مہاراشٹر کے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر محمد عارف نسیم خان نے بیرون مہاراشٹر سے قربانی کے جانوروں کے ریاست میں داخل ہونے والے چیک پوسٹ پر بجرنگ دل اور دیگر شرپسندوں کی جانب سے جانوروں کے بیوپاریوں کو ہراساں کیے جانے کی شکایت کی اور کہا کہ قانون کو کسی کو بھی ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے لہذا ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جس پر وزیر اعلیٰ نے پولس افسران کو ہدایت دی کی اس ضمن میں سخت اقدامات کیے جائیں۔

عید الضحیٰ کی تیاریوں کے پیش نظر سرکاری سیہادری گیسٹ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ فڑنویس نے میٹنگ طلب کی تھی جس میں چیف سکریٹری، ڈائریکٹر جنرل آف پولس، ممبئی پولس کمشنر، ممبئی میونسپل کمشنر کے علاوہ اقلیتی وزیر ونود تاؤڑے، وزیر تعلیم اشیش شیلار، مسلم اراکین اسمبلی ابوعاصم اعظمی، نسیم خان، امین پٹیل، اسلم شیخ، وارث پٹھان سمیت اقلیتی کمیشن کے چیئرمین حاجی عرفات، مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے چیئرمین حاجی حیدر اعظم اور مسلم تنظیموں کے سربراہان و علماء کرام نے شرکت کی۔

سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے دیونار مذبح خانے میں مختلف سہولیات کا ذکر کیا اور کہا کہ چونکہ ریاست میں پلاسٹک کی تھیلوں پر پابندی عائد ہے لہذا قربانی کے گوشت کی تقسیم کے لئے متبادل فراہم کیا جائے وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں بھی احکامات جاری کیے۔

 مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی وارث پٹھان اور کانگریس رکن اسمبلی امین پٹیل نے مسلم علاقوں میں قربانی کے ایام میں روایتی بکرا منڈی کے قیام کی اجازت طلب کی جسے وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر منظور کیا۔ اس کے علاوہ مختلف رہائشی سوسائیٹوں میں تمام احتیاط کرنے کے باوجود بھی بکرے کی قربانی پر پولس اور سوسائٹی ممبران کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی بھی مسلم اراکین اسمبلی سمیت مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے چیئرمین حیدر اعظم نے شکایت کی۔ وزیر اعلیٰ فڑنویس نے اس تعلق سے بھی احکامات جاری کیے۔ اقلیتی کمیشن کے چیئرمین حاجی عرفات نے بھی قربانی سے لیکر مختلف مطالبات پیش کیے جسے وزیر اعلیٰ نے منظور کیا۔
x

Check Also

لکھنؤ: متنازعہ ہندو مہاسبھا لیڈر کملیش تیواری کا برسرِعام قتل

لکھنؤ: ہندو سماج پارٹی سے وابستہ اور ہندو مہاسبھا کے سابق صدر ...