ہندوستان میں کورونا کے بڑھتے قہر کے درمیان ریاستی حکومتیں اپنی اپنی ریاست میں اس کے اثرات کو کنٹرول کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ یو پی میں بھی کورونا کے کئی پازیٹو کیسز سامنے آ چکے ہیں اور اس کے پیش نظر یوگی حکومت نے لکھنؤ واقع حج ہاؤس کو ‘کورونا کوارنٹائن سنٹر’ میں تبدیل کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق حج ہاؤس میں 5000 ہزار بیڈ کی سہولت موجود ہے اور فی الحال اس کی خدمات 14 اپریل تک کے لیے حاصل کی گئی ہیں۔ لیکن حالات بہتر نہیں ہوئے تو اس تاریخ کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ لکھنؤ-کانپور شاہراہ پر واقع حج ہاؤس میں کافی جگہ ہے اور یہاں ایسی سہولتیں بھی موجود ہیں جس سے یوگی حکومت کے لیے آسانیاں ہو جائیں گی۔ لکھنؤ ضلع انتظامیہ نے انہی سہولتوں کو دیکھتے ہوئے حج ہاؤس کو کورونا کوارنٹائن سنٹر بنانے کا فیصلہ لیا۔ حج ہاؤس میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کو کوارنٹائن کیا جائے گا اور وہ ڈاکٹرس کی نگرانی میں رہیں گے۔ قابل غور ہے کہ لکھنؤ میں اب تک کورونا کے 8 پازیٹو کیسز سامنے آ چکے ہیں اور کئی مشتبہ مریضوں کی ٹیسٹ رپورٹ آنا باقی ہے۔