بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کے کولکاتا دورہ سے ایک دن قبل شہر کے بیچ مایوروڈ واقع ان کی ریلی کے مقام کے آس پاس پوسٹرلگے ہیں، جن پر "بی جے پی بنگال چھوڑو” لکھا ہے۔
ریاستی بی جے پی نے الزام لگایا ہے کہ "بی جے پی بنگال چھوڑو” اور”بنگال مخالف بی جے پی واپس جاو” پیغام دینے والے پوسٹر ترنمول کانگریس کارکنان نے لگائے ہیں۔ حالانکہ اس الزام سے مغربی بنگال میں برسراقتدار ترنمول کانگریس نے انکار کیا ہے۔
مغربی بنگال بی جے پی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ترنمول کانگریس ہفتہ کو ہونے والی ہماری ریلی سے خوفزدہ ہیں۔ ریاست کے لوگ بی جے پی کی اچھی حکمرانی کا انتظار کررہے ہیں۔بی جے پی کے ایک دیگر لیڈر نے کہا کہ بنگال ترنمول کانگریس کی ذاتی جائیداد نہیں ہے، پارٹی کو اس طرح کا مطالبات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ریاست کے لوگ اس کا فیصلہ کریں گے کہ کون رکے گا اور کون جائے گا”۔
ترنمول کانگریس جنرل سکریٹری اور مغربی بنگال کے وزیرتعلیم پارتھ چٹرجی نے کہا کہ "بی جے پی مخالف پوسٹروں” سے ان کی پارٹی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، جس راستے سے امت شاہ ہفتہ کو ریلی مقام پرپہنچیں گے، اس پر ترنمول کانگریس سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے کٹ آوٹ لگے ہیں۔