ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی کی مشکلیں دن بہ دن بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ ٹی آر پی گھوٹالہ میں جانچ چل ہی رہی تھی کہ اب ممبئی پولس نے مزید ایک نوٹس بھیج دیا ہے۔ ورلی ڈویژن کے اے سی پی نے انھیں سی آر پی سی سیکشن 108(1) (اے) کے تحت نوٹس بھیجا ہے۔ یہ سیکشن چیپٹر پروسیڈنگ سے جڑا ہے۔ چیپٹر پروسیڈنگ میں اے سی پی رینک کے افسر کو مجسٹریٹ کے اختیار ملے ہوتے ہیں۔ اس کا فرضی ٹی آر پی کیس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ارنب گوسوامی کو ممبئی میں ورلی ڈویژن کے اے سی پی نے اشتعال انگیز باتیں کرنے کے الزام میں نوٹس بھیجا ہے۔ انھیں 16 اکتوبر کو پوچھ تاچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
دوسری طرف ٹی آر پی کیس میں بھی ریپبلک چینل سے جڑے دو مزید لوگوں نرنجن نارائن سوامی اور ابھشیک کپور کو نوٹس بھیجا گیا ہے۔ ممبئی کرائم برانچ کی ٹیم نے منگل کو بارک کے پریل واقع دفتر کا دورہ کیا اور وہاں یہ پتہ کیا کہ کس طرح ٹی آر پی کی مانیٹرنگ ہوتی ہے۔ ریپبلک چینل پر کچھ دنوں پہلے ہنسا کمپنی کی ایک رپورٹ دکھائی گئی تھی اور اس رپورٹ کی کریڈیبلٹی کی جانچ کے لیے بھی ممبئی کرائم برانچ نے اپنی جانچ شروع کر دی ہے۔