رامپور: اتر پردیش میں انتخابات سے قبل سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو بڑی راحت ملی ہے۔ تقریباً 23 مہینے بعد جیل سے رہا ہونے کے بعد عبد اللہ اعظم نے حکومت اور انتظامیہ پر جم کر نشانہ لگایا۔ اپنے والد کے پارلیمانی حلقہ رامپور پہنچنے کے بعد عبداللہ اعظم نے کہا کہ اس مرتبہ انتخابات حکومت بمقابلہ عوام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں انہیں بہت اذیتیں دی گئیں۔
سابق رکن اسمبلی عبداللہ اعظم نے جیل سے تقریباً دو سال بعد رہا ہونے کے بعد رامپور پہنچنے کے بعد کہا ’’جتنا ظل ہو سکتا تھا وہ کیا گیا۔ آج بھی میرے والد اعظم خان کی جان کو خطرہ ہے۔ ان کو کچھ بھی ہوا تو حکومت اور جیل انتظامیہ اس کی ذمہ دار ہوگی۔‘‘ عبداللہ اعظم نے مزید کہا کہ یہاں موجودہ افسران کے رہتے غیر جانبدارانہ انتخابات ممکن نہیں، لہذا الیکشن کمیشن کا اس کا نوٹس لینا چاہئے۔
عبداللہ اعظم نے مزید کہا، ’’لوگ پریشان ہیں۔ کہاوت ہے کہ ڈوبتی ہوئی کشتی سے سب بھاگ جاتے ہیں۔ بی جے پی نے ان کے ساھت جو کیا وہ دنیا جانتی ہے۔ ڈھائی سال میں بھی ایوان میں گیا تھا، میں نے بھی وہ سب دیکھا ہے۔‘‘