بنیادی صفحہ / تازہ خبریں / کرناٹک حکومت نے یکم جولائی کو اسکولوں کے کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے: وزیر تعلیم سریش کمار کی وضاحت

کرناٹک حکومت نے یکم جولائی کو اسکولوں کے کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے: وزیر تعلیم سریش کمار کی وضاحت

Print Friendly, PDF & Email

بینگلور: 4 جون،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاستی وزیر برائے پرائمری و ثانوی تعلیمات مسٹر سریش کمار نے واضح کیا ہے کہ حکومت نے یکم جولائی سے اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ نہیں لیا ہے اور اس کا کہیں بھی اعلان نہیں ہوا ہے، انہوں نے فیس بک لائیو کے ذریعے حکومت پر پرائیوٹ اسکولوں کے دباؤ میں آنے کے الزام کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اسکولوں کو کھولنے کی جلدی میں نہیں ہے ان کے سابقہ بیان کو غلط طریقہ پر لیا گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے گزشتہ روز ایک سرکیولر جاری ہوا تھا جس میں یہ کہا گیا تھا کہ اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے تعلق سے طلبہ کے سرپرستوں کے ساتھ بات چیت کی جائے گی اور دوبارہ کھولنے کے بعد کس طرح سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے ہونگے اس سلسلہ میں مشورے لیے جائیں گے اور اس کے بعد ہی اسکول کو کھولنے کے بارے حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت کے اس سرکیولر کو غلط طریقہ پر لیا گیا ہے اور کہا ہے کہ جو تاریخ دی گئی تھی وہ صرف سرپرستوں سے بات کرنے میں آسانی کے لیے دی گئی تھی نہ کہ حکومت کی طرف سے حتمی تاریخ تھی۔

 

سریش کمار نے اپنے ایک ٹویٹ میں بھی اس کی وضاحت کی ہے کہ جون کی 10,11,12 تاریخوں کو اسکول میں اساتذہ اور انتظامیہ کی سرپرستوں کے ساتھ نشستیں ہونگی جس میں اسکول کو دوبارہ کھولنے کے تعلق سے ان سے مشورے لیے جائیں گے اور اس کے بعد ہی حکومت اسکولوں کو کھولنے کے تعلق سے سوچے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت اسکولوں کو جلدی میں کھولنے کے حق میں بالکل نہیں ہے اور نہ ہی حکومت کی طرف سے کوئی تاریخ کا اعلان ہوا ہے۔ جب تک طلبہ کی صحت اور حفاظت کو یقینی نہیں بنایا جائے گا تب تک اسکول نہیں کھلیں گے۔

موصوف نے کہا کہ ان نشستوں میں دوبارہ اسکول کے کھلنے کے بعد سماجی دوری کا کس طرح لحاظ ہو،اسکول میں کس طرح کے حفاظتی اقدامات کیے جانے چاہئیں اور تعلیم کا طریقہ کار کس طرح سے ہو اس پر بھی غور کیے جانے کے احکامات دیے گئے ہیں جو کہ 15 جون تک حکومت کو موصول ہونگے۔


وزیر موصوف نے کہا کہ اسکولوں کے کھلنے کے بعد طلبہ کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے حکومت کی طرف سے ایک چینل بھی بنایا جائے گا جس میں بیمار طلبہ اپنے گھر پر ہی رہ کر سیکھ سکیں گے۔

واضح رہے کہ یکم جون کو ریاستی حکومت کی طرف سے اسکولوں کو ایک سرکیولر جاری کیا گیا تھا جس میں اسکولوں کے کھولنے کے تعلق سے سرپرستوں سے بات کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے مجوزہ تاریخوں کا بھی ذکر کیا گیا تھا جس کے بعد ریاست کی کئی معروف شخصیات اور تنظیموں نے اس کی مخالفت کی تھی اور حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

x

Check Also

تصاویر: پولس میموریل ڈے پر کرناٹک میں شہیدوں کو پیش کیا گیا خراج عقیدت