بنیادی صفحہ / تازہ خبریں / کرناٹک : مرسی اینجلس کو ایوارڈ دینے کے بعد بی بی ایم پی نے لیا واپس ، مچا ہنگامہ

کرناٹک : مرسی اینجلس کو ایوارڈ دینے کے بعد بی بی ایم پی نے لیا واپس ، مچا ہنگامہ

Print Friendly, PDF & Email

بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے(BBMP) کی جانب سے کورونا کے بہادروں کی توہین کئے جانے پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔ بی جے پی کے زیر اقتدار اس مہانگر پالیکے پر دباو میں کام کرنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔ 9 ستمبر کو بی بی ایم پی نے 2020 کے سالانہ ایوارڈ کیلئے منتخب افراد کی فہرست جاری کی۔ اس فہرست میں ڈاکٹر طحہ متین کی قیادت والی تنظیم "مرسی اینجلس” کے نام کا اعلان ہوا۔ مرسی اینجلس نے بنگلورو میں بلا لحاظ مذہب و ملت 350 سے زائد کورونا لاشوں کی تدفین اور آخری رسومات ادا کرنے کی انسانیت کی خدمت انجام دی ہے۔ 10 ستمبر 2020 بروز جمعرات کی صبح 10 بجے بی بی ایم پی کی سالانہ ایوارڈز تقریب منعقد ہوئی۔ فہرست کے مطابق مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ مرسی اینجلس کی ٹیم نے بھی ریاست کے نائب وزیر اعلی ڈاکٹر اشوتھ نارائن کے ہاتھوں سالانہ ایوارڈ اور اعزاز حاصل کیا۔

بی بی ایم پی ہر سال شہر کے بانی کیمپے گوڈا کے یوم پیدائش کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو کیمپے گوڈا ایوارڈ سے سرفراز کرتی ہوئی آرہی ہے۔ ہر سال 100 سے زائد ایوارڈز دئے جاتے ہیں لیکن اس بار کورونا کی وبا کی وجہ سے صرف 32 ایوارڈز دئے گئے۔10 ستمبر کو منعقدہ تقریب میں دیگر ایوارڈ یافتگان کی طرح مرسی اینجلس کی ٹیم نے بھی سالانہ ایوارڈ جو 50 ہزار روپئے نقد رقم، سند اور توصیفی نامہ پر مشتمل ہے، حاصل کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ لیکن 10 ستمبر کی شام بی بی ایم نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی فہرست جاری کی۔ حیرت کی بات یہ تھی کہ اس فہرست میں مرسی اینجلس کا نام موجود نہ تھا۔ ذرائع کے مطابق بی بی ایم پی نے تکنیکی وجہ بتاکر نائب وزیر اعلی کے ہاتھوں  دیا گیا ایوارڈ واپس لینے کا فیصلہ لے لیا اور ایوارڈ یافتگان کی فہرست سے ڈاکٹر طحہ متین اور مرسی اینجلس کا نام ہٹایا گیا۔

بی بی ایم پی کے اس اقدام کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ مہانگر پالیکے کے سابق اپوزیشن لیڈر عبدالواجد نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عبدالواجد نے اپنے تحریری بیان میں الزام عائد کیا کہ بی بی ایم پی آر ایس ایس کے اشارے پر کام کررہی ہے ۔ عبدالواجد نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بنگلورو کے میئر گوتم کمار جین نے سالانہ ایوارڈز کے سلسلے میں ہوئی میٹنگ میں اس مرتبہ کورونا وارئرس کو ایوارڈ تفویض کئے جانے کی بات کہی تھی ۔ 10 ستمبر 2020 کو 32 منتخب افراد کو ایوارڈ دئے گئے اور ان میں صرف 5 سے 6 ہی شخصیات کورونا وارئرس ہیں ۔ باقی سب آر ایس ایس کے کارکنان ہیں ، جنہیں مختلف شعبوں میں خدمات کیلئے ایوارڈز سے نوازا گیا ہے ۔ بی بی ایم پی کے اپوزیشن لیڈر رہے عبدالواجد نے کہا کہ مہانگر پالیکے کا یہ قدم قابل مذمت ہے ۔

قابل غور بات یہ ہے کہ کورونا کی وبا اور لاک ڈاؤن کے دوران شہر کے ماہر طب ڈاکٹر طحہ متین کی سرپرستی میں قائم مرسی مشن نے دن اور رات خدمات انجام دی ہیں ۔ مرسی مشن نے رضاکاروں کی الگ الگ ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے ضرورت مندوں میں کھانا تقسیم کرنے، راشن تقسیم کرنے، مائیگرنٹ مزدوروں کو ہر دن ریلوے اسٹیشن پہنچ کر کھانا، فروٹس تقسیم کرنے، کورونا کے مریضوں کو مفت طبی مدد اور رہنمائی فراہم کرنے، کورونا سے انتقال کرنے والے مریضوں کی تدفین، برادران وطن کی لا وارث لاشوں کی آخری رسومات انجام دینے اور اس طرح خدمت خلق کے کئی کام انجام دئے ہیں ۔

مرسی مشن اور مرسی اینجلس کی خدمات کی ہرجانب سے ستائش کی گئی ہے۔ نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو سمیت ملک کی کئی بڑی شخصیات نے مرسی مشن کی خدمات کو سراہا ہے۔ وینکیا نائیڈو نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مھجے اس بات کو پڑھ کر خوشی ہوئی کہ بنگلورو کی مرسی اینجلس کے رضاکار  کورونا سے انتقال کرنے والوں کی پروقار طریقہ سے تدفین کرنے میں مدد کرنے کا نیک کام انجام دے رہے ہیں۔ اسی طرح محکمہ ریلوے، ریاست کرناٹک کے محکمہ مزدور  اور حکومت کے دیگر کئی اداروں، کئی سماجی شخصیات  نے مرسی مشن کی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔ لیکن بنگلورو مہانگر پالیکے کی اس حرکت پر افسوس اور برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

ادھر مرسی اینجلس کے ایک رکن سید تنویر نے کہا کہ بی بی ایم پی کی اس حرکت سے انہیں کوئی مایوسی نہیں ہوئی ہے۔ کیونکہ یہ کام کسی ایوارڈ اور اعزاز کیلئے نہیں کیا گیا، اللہ کو راضی کرنے کیلئے یہ سماجی اور فلاحی کام انجام دئے گئے ہیں۔ مرسی مشن سے وابستہ امین مدثر نے کہا کہ اس طرح کی کوئی بھی حرکت رضاکاروں کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتی، مرسی مشن کا کام خدمت خلق ہے۔ کوئی ایوارڈ، سند یا توصیفی نامہ کیلئے خدمت کرنا مقصد نہیں ہے۔ مرسی مشن انسانیت کے مشن کو آگے بڑھانے کا کام انجام دیتا آیا ہے اور دیتا رہے گا۔

 نیوز 18 اردو
x

Check Also

فیملی میں پہلے ڈاکٹر بنیں گےشعیب آفتاب، 720 میں 720 اسکور کرکے رقم کی تاریخ

نئی دہلی: نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نیٹ امتحانات کے نتائج کا جمعہ کو ...