بنیادی صفحہ / قومی / امفان: ’نقصان ایک لاکھ کروڑ کا ملے ایک ہزار کروڑ‘، مودی کے اعلان پر ممتا برہم

امفان: ’نقصان ایک لاکھ کروڑ کا ملے ایک ہزار کروڑ‘، مودی کے اعلان پر ممتا برہم

Print Friendly, PDF & Email

کولکاتا: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز امفان طوفان سے تباہ ہونے والے مغربی بنگال کے کئی اضلاع کا فضائی دورہ کیا اور ریاست کے لئے ایک ہزار کروڑ کا راحتی پیکیج دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم کے اس اعلان پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی برہم ہو گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نقصان ایک لاکھ کروڑ کا ہوا ہے اور پیکیج صرف ایک ہزار کروڑ کا دیا جا رہا ہے۔

ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے ایک ہزار کروڑ کے راحت پیکیج کا اعلان تو کر دیا لیکن اس کے حوالہ سے کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔ یہ پیسہ کب ملے گا اور کیا یہ پیشگی رقم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امفان طوفان سے ایک لاکھ کروڑ کا نقصان ہوا ہے اور 56 ہزار کروڑ روپے تو ہمارے ہی مرکز پر بقایہ ہیں۔

قبل ازیں، ممتا بنرجی کے ساتھ امفان طوفان سے ہونے والی تباہیوں کا فضائی جائزہ لینے کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ امفان طوفان نے بنگال میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور لاکھوں کروڑ روپے کے نقصانات ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بنگال کو اس مصیبت سے نکالنے کیلئے مرکز اور ریاستی حکومت مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنگال جلد سے جلد دوبارہ کھڑا کرنے ور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے جلد ہی مرکزی حکومت کی ایک ٹیم بنگال کا دورہ کرے گی اور زراعت، بجلی،کمیونیکیشن،سڑک، مکانات اور دیگر نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد پورا خاکہ بنائے گی۔ بازآباد کاری کیلئے موثر یوجنا بنائی جائے گی۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بنگال کو از سرنو کھڑا کرنے کیلئے جو بھی ضروریا ت ہوگی اس کو پورا کرنے کیلئے ہم کھڑے رہیں گے۔وزیرا عظم مودی نے کہاکہ فوری طور پر ہم نے بنگال حکومت کو ایک ہزار کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔تاکہ جلد سے جلد بازآبادکاری کا کام شروع کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ بدھ کے دن آئے امفان طوفان میں 77 افراد کی موت اور بھاری مالی نقصان ہوا۔ کئی لاکھ مکانات منہدم ہوگئے اور ہزار ہیکڑ زمین تباہ و برباد ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ بنگال میں ایسی تباہی میں نے کبھی نہیں دیکھی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہرطرف تباہی و بربادی کا منظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے بلکہ مل کر بنگال کو کھڑا کرنے کا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنگال کو از سر نو کھڑا کرنے کے لئے ملک کے عوام بھی آگے آئیں۔ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم مودی کو بنگال کا فضائی دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لینے کی دعوت دی تھی۔اس کے بعد ہی وزیرا عظم نے بنگال کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

x

Check Also

ہاکی لیجنڈ بلبیر سنگھ کا 95 سال کی عمرمیں انتقال، ملک کو اولمپک میں دلائے تھے تین گولڈ

موہالی: تین بار کے اولمپک طلائی تمغہ یافتہ ہندوستان کے لیجنڈ ہاکی کھلاڑی ...