بنیادی صفحہ / قومی / طوفان نیوار کا اثر: آندھرا پردیش میں بڑے پیمانہ پر تباہی، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

طوفان نیوار کا اثر: آندھرا پردیش میں بڑے پیمانہ پر تباہی، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

Print Friendly, PDF & Email

وجئے واڑہ: طوفان نیوار کے زیر اثر اے پی کے اضلاع چتور، نیلور، کڑپہ اور پرکاشم میں مسلسل بارش کے نتیجہ میں کئی مواضعات سے سڑک کا رابطہ ٹوٹ گیا، ہزاروں ایکڑ پر پھیلی فصلیں محصور ہو گئیں اور سینکڑوں بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔ نیلور ضلع میں ہائی ٹنشن بجلی کا تار ٹوٹ کر گرنے کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت عبدالرزاق کے طور پر کی گئی ہے۔ ریاست میں کئی نہریں لبریز ہوگئی ہیں اور کئی نالے اُبل پڑے۔ آبپاشی کے تمام تالابوں کی سطح میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

 ضلع نیلور اور کڑپہ میں تقریباً 6000 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ نیلور ضلع کے وینکٹ گری۔ راپور روڈ کے پُل میں شگاف پڑ گیا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ عہدیداروں کی جانب سے اس پُل پر سے کسی بھی گاڑی کو گزرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ سینکڑوں بجلی کے کھمبے اور درخت اضلاع کڑپہ اور نیلور میں اکھڑ گئے جس کے نتیجہ میں کئی مواضعات میں بجلی کی سپلائی رک گئی۔ کئی دوردراز کی سڑکیں اور ریاستی شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں ہیں جس کے نتیجہ میں ان دونوں اضلاع میں عام زندگی مفلوج ہوگئی اور سینکڑوں مواضعات تک سڑک کا رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔

 وزرا انل کماریادو، ایم گوتم ریڈی اور ضلع کلکٹر سی بابو نے نیلور کے بارش سے شدید طور پر متاثر علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال پر نظر رکھی۔ تمام تعلیمی اداروں کو پیر تک تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔سرکاری ذرائع نے کہا کہ اضلاع کے 1600 آبپاشی کے تالاب لبریز ہوگئے ہیں۔ ضلع کڑپہ کے ریلوے کڈور منڈل کے بالاپلی۔ کُکلاڈوڈی کے درمیان شاہراہ 50 میٹر تک بہہ گئی جس کے نتیجہ میں کڑپہ تاتروپتی کے درمیان ٹریفک رک گئی اور سڑک کے دونوں کنارے سینکڑوں گاڑیاں رکی ہوئی ہیں۔ ضلع کے آبگیر علاقوں میں شدید بارش کے نتیجہ میں دریائے گنجنا میں تیز موجیں دیکھی جا رہی ہیں۔ریلوے کڈور، راجم پیٹ، رائے چوٹی کے کئی رہائشی علاقے زیرآب آگئے۔ اضلاع کرشنا، گنٹور، مغربی گوداوری میں شدید بارش سے کھڑی ہزاروں ایکڑ فصلوں کو نقصان پہنچا۔

اسی دوران وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے طوفان کی صورتحال پر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے وزیراعلی کو نیلور، کڑپہ اور چتور میں طوفان کے اثرات سے واقف کروایا۔ وزیراعلی نے ہدایت دی کہ نیلور میں بجلی کا ہائی ٹنشن وائر ٹوٹ کر گرنے سے مرنے والے شخص کے خاندان کی مدد کی جائے۔ عہدیداروں نے وزیراعلی کو بتایا کہ تین کسان چتور ضلع کے یرپاڈو منڈل کی میلامڈگو نہر میں پھنس گئے جن کو بچانے کی کوششیں کی جارہی ہے۔ وزیراعلی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بارش متاثرین کی مدد کی جائے۔

x

Check Also

اتر پردیش اسمبلی گیلری میں لگائی گئی ’ساورکر‘ کی تصویر، تنازعہ شروع

اتر پردیش میں کانگریس اور سماجوادی پارٹی نے قانون ساز اسمبلی کی ...