بہار کے سابق وزیر اعلی اور آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کا مبینہ آڈیو وائرل ہونے کے بعد سیاست زوروں پر ہے ۔ اب ایک مرتبہ پھر کیلی بنگلہ سے لالو پرساد کو راجیندر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائسنسز منتقل کردیا گیا ہے ۔ دوسری طرف مبینہ وائرل آڈیو معاملہ کو لے کر جھارکھنڈ کے جیل آئی جی نے جانچ کے احکامات دئے ہیں ۔ آئی جی نے رانچی ڈی سی اور ایس ایس پی کے ساتھ ہی رانچی جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو بھی کہا کہ جو میڈیا میں آڈیو چل رہا ہے ، اس کی جانچ کرکے رپورٹ سونپی جائے ۔ جیل آئی جی نے یہ بھی کہا کہ سیکورٹی کے معاملہ میں لاپروائی ٹھیک نہیں ہے ۔ ایسے معاملات میں شکایت پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکتی ہے ۔
آئی جی کی طرف سے لالو پرساد یادو کی سیکورٹی میں تعینات جوانوں کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ اجازت کے بغیر کوئی بھی لالو یادو سے نہیں مل سکتا ہے ۔ اگر کوئی اجازت کے بغیر ملاقات کرتا ہے تو سیکورٹی اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی ۔
بتادیں کہ بہار میں اسمبلی اسپیکر کے انتخابات سے پہلے لالو پرساد یادو کا ایک مبینہ آڈیو وائرل ہوگیا ، جس میں لالو پرساد یادو پر سنگین الزامات لگے ہیں ۔ معاملہ کو لے کر بہار کی سیاست گرماگئی ہے ۔ بی جے پی اور جے ڈی یو کے لیڈروں نے وائرل آڈیو کو لے کر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔