بنیادی صفحہ / بھٹکل و اطراف / ساگر روڈ پر جنگلی خنزیروں نے عوام کو کر رکھا ہے پریشان؛ سڑکوں پر چلنا ہوا ہے مشکل

ساگر روڈ پر جنگلی خنزیروں نے عوام کو کر رکھا ہے پریشان؛ سڑکوں پر چلنا ہوا ہے مشکل

Print Friendly, PDF & Email

بھٹکل: 15 جولائی، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل ٹی ایم سی حددود میں آنے والے علاقے ساگر روڈ پر  جنگلی خنزیروں نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے، سڑکوں پرجھنڈ کی شکل میں دندناتے پھر رہے ان جنگلی خنزیروں نے بائک سواروں کی ناک میں دم کر رکھا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے چند علاقوں سے نکلنا بہت ہی دشوار ہوگیا ہے۔

اطلاع کے مطابق ساگر روڈ پر واقع مضافاتی علاقے ماروکیری، ہاڈولی اور کترے وغیرہ میں صبح اور رات کے اوقات میں جنگلی خنزیر راستوں پر ڈیرہ ڈالے رہتے ہیں جس کی وجہ سے کئی بار بائک سوار ان سے بچنے کی کوشش میں اپنی تیز رفتار بائک سے گر کر زخمی ہورہے ہیں جبکہ اسکول جانے والے بچے اپنے گھروں سے باہر جانے تیار نہیں ہیں۔

ایسے میں وہاں کے عوام نے بلدیہ کے ذمہ داران سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کرے اور متعلقہ محکمہ کے ساتھ مل کر عوام کو راحت دلانے کا کام انجام دے۔

ذرائع کے مطابق بھٹکل کے ساگر روڈ کے علاقہ میں اس سے قبل جنگلی خنزیروں کی تعداد کافی کم تھی لیکن  پڑوسی ضلع شیموگہ کے ناگولی سے خنزیروں کی ایک بڑی تعداد یہاں آکر بس رہی ہے اور ساگر روڈ پر واقع بس ڈپوڈ کے قریب ڈیرہ ڈالے ہوئے ہے۔

ماروکیری کے ایک مقیم نے بھٹکلیس کو بتایا کہ رات کے وقت میں ان علاقوں میں جانا گویا اپنی موت کو دعوت دینا ہے اس لیے یہاں کے عوام اب رات ہونے سے پہلے ہی اپنے گھر لوٹ رہے ہیں ۔

عوام کا مطالبہ ہے کہ جیسے ٹی ایم سی کی جانب سے کچھ روز قبل کتوں کو بھگانے کے لیے کارروائی کی گئی تھی اس طرز پر ان جنگلی خنزیروں کو بھی دور بھگانے کے لیے کارروائی کی جائے ورنہ اس سے کئی جانوں کو نقصان ہو سکتا ہے۔

x

Check Also

ساگر تعلقہ میں سواریوں کو لوٹنے کے الزام میں بھٹکل کے پانچ افراد گرفتار

ساگر: 23 اگست، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ساگر تعلقہ کے جوگ فالس ...