بنیادی صفحہ / بھٹکل و اطراف / انجمن کے سابق صدر اور بھٹکل کی معروف شخصیت عبدالرحیم جوکاکو امریکہ میں انتقال کرگئے: کل ہوگی تدفین

انجمن کے سابق صدر اور بھٹکل کی معروف شخصیت عبدالرحیم جوکاکو امریکہ میں انتقال کرگئے: کل ہوگی تدفین

Print Friendly, PDF & Email

بھٹکل: یکم مارچ،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں الیکٹرک سٹی لانے والے اور کرناٹک حکومت میں وزارت پر فائز رہنے والے جناب جوکاکو شمس الدین صاحب کے لائق فرزند جناب جوکاکو عبدالرحیم صاحب آج امریکہ کے لاس اینجلس میں انتقال کر گئے۔ اہل خانہ کے مطابق ان کی تدفین 2 مارچ کو لاس اینجلس میں عمل میں آئے گی۔
مرحوم میکانلی انجنئر۔ تھے انہوں نے اپنی سماجی خدمات کا آغاز بینگلور جماعت سے کیا جہاں وہ نائب صدر بنے اور ایک مدت تک خدمات انجام دیتے رہے۔ اس کے بعد وہ پھر دبئی روانہ ہوئے جہاں قریب بیس سال تک سوسائٹی اور اجتماعی کاموں میں حصہ لیتے رہےاس دوران وہ بی ایم جے دبئی کےصدر اور جنرل سکریٹری کے عہدے پر فائز ہوئے ۔ یہاں انہوں نے دبئی جماعت کے ممبران کی مشکلات دور کرنے کے لیے کافی تگ و دو کی اور رابطہ کی ٹیلی فون ڈائریکٹری شائع کرنے میں بھی ان کا بڑا رول رہا۔دبئی میں مرحوم تصفیہ کمیٹی کے کئی بار کنوینر بھی رہے۔
مرحوم نے کبھی دولت اور ناموری کی پرواہ نہیں کی اسی کا نتیجہ تھا کہ انجمن کو جب نئی قیادت کی ضرورت پڑی تو دبئی میں ہی احباب نے انہیں اس کے لیے آمادہ کیا اور دبئی سے آنے کے بعد ان کے ہاتھوں میں انجمن کی قیادت سونپی گئی۔

جناب عبدالرحیم مرحوم کی پیدائش 1940 میں ہوئی تھی۔ آپ کی ابتدائی تعلیم بھٹکل کے سرکاری بورڈ اسکول میں اور ثانوی تعلیم مڈیکیرے میں مکمل ہوئی۔ آپ نے یونیورسٹی کالج بنگلورو سے 1963میں میکانیکل انجینئرنگ میں گریجویشن کیا پھر انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میرٹھ سے سند فراغت حاصل کی۔ مدراس اور بنگلورو کے کچھ اہم اور بڑے صنعتی اداروں میں بحیثیت انجینئر آپ نے 16سال تک خدمات انجام دیں ۔ اس کے بعد آپ نے دبئی حکومت کے فیڈرل الیکٹری سٹی اینڈ واٹر اتھاریٹی میں چیف انجینئر کی حیثیت سے 25برس تک خدمات انجام دیں۔
مرحوم 1987میں انجمن کے انتظامیہ ممبر چنے گئے جس کے بعد 2003 سے 2007 تک نائب صدر اور پھر 2007 سے 2015 تک جنرل سکریٹری کے عہدے پر فائز رہ کر خدمت انجام دی ، آخر ی بار 2015 سے 2020 تک وہ انجمن کے صدر کے عہدے پر فائز رہے۔اس دوران انہیں مرحوم محتشم عبدالغنی صاحب، مرحوم معلم ظفر صاحب، مرحوم قاسمجی انصار صاحب، جناب ڈی ایچ شبر صاحب جیسے ماہرین تعلیم اور تجربہ کار افراد کی زیر سرپرستی کام کرنے کا موقع ملا جن کے ساتھ کام کرنے سے انہیں وہ تجربہ حاصل ہوا جس نے انہیں انجمن کی خدمات اور اس کو ترقی دلانے میں قدم قدم پر ساتھ دیا۔
اس کے علاوہ مرحوم جماعت المسلمین بھٹکل اور مجلس اصلاح و تنظیم سے بھی منسلک رہے اور وہاں پر بھی خدمات انجام دیں۔
تعزیتی اجلاس : ان کے انتقال پر انجمن کے موجودہ صدر جناب مزمل قاضیا نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اورکہا ہے کہ کل انجمن آباد کی مسجد میں عصر بعد تعزیتی اجلاس منعقد ہوگا۔اس کے علاوہ بھٹکل کی کئی ایک شخصیات نے ان کی موت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو عظیم خسارہ قرار دیا ہے۔
ادارہ بھٹکلیس کے ساتھ بھی مرحوم کی خاصی ہمدردی تھی وہ اس کی بہتری کے لیے اکثر اپنےمشوروں سے نوازتے رہتے تھے، ان کے ساتھ بھٹکلیس ڈاٹ کام کی خصوصی گفتگو کا ریکارڈ یوٹیوب پر محفوظ ہے۔ اس موقع پر ادارہ بھٹکلیس اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے ان کی تمام خدمات کو شرف قبولیت سے نوازے اور جنت الفردوس میں انہیں جگہ نصیب فرمائے۔ آمین
ادارہ بھٹکلیس کے آرکائیوز میں موجود مرحوم کی چند یادگارتصاویر یہاں پیش کی جارہی ہیں۔

 

x

Check Also

بھٹکل میں پہلا روزہ  ہوا مکمل؛ شام ہوتے ہی افطاری سامان کی رونقیں ہوئی بحال۔افطار کی تیاری میں نظر آئے عوام

بھٹکل : 13 مارچ،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں گذشتہ رات بجلی ...