بنیادی صفحہ / بھٹکل و اطراف / آئی این ایف کی طرف سے بھٹکل ویلفئیر اسپتال میں اگلے مہینے سے شروع ہورہی ہیں ڈائیلائسس کی خدمات: کافی کم قیمت میں کیا جائے گا ڈائیلائسس

آئی این ایف کی طرف سے بھٹکل ویلفئیر اسپتال میں اگلے مہینے سے شروع ہورہی ہیں ڈائیلائسس کی خدمات: کافی کم قیمت میں کیا جائے گا ڈائیلائسس

Print Friendly, PDF & Email

بھٹکل: 7 مارچ،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) انڈین نوائط فورم (آئی این ایف) کی طرف سے  بھٹکل کے ویلفئیر اسپتال میں  اپریل کے دوسرے ہفتے سے ڈائلائسس سینٹر کا افتتاح کیا جارہا ہے جس کے لیے رجسٹریشن کی کارروائی شروع ہوچکی ہے۔اس کی جانکار ی آئی این ایف کے جنرل سکریٹری جناب معاذ جوکاکو صاحب نے دی وہ آج عصر بعد یہاں کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد اخباری کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خدمات بھٹکل میں آئی این ایف اور کیرالہ کے ایک این جی او  تھانال(THANAL) کے ذریعہ شروع کی جارہی ہیں جس کا مقصد کم قیمت میں عوام کو فائدہ دینااور ڈائلائسس کے مریضوں کوآرام پہنچانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹکل و اطراف کے ڈائلائسس کے مریض دو ہفتے یا ایک مہینے میں ایک بار ڈائلائسس کے لیے مینگلور، اڈپی ، کنداپور یا پھر سرکاری اسپتال  وغیرہ جاتے ہیں جس کے لیے انہیں تھکن کے ساتھ ساتھ ایک بڑی رقم بھی خرچ کرنی پڑتی ہے۔ لیکن بھٹکل میں ہی اس سینٹر کے افتتاح کے بعد انہیں باہر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور انہیں خرچہ بھی بہت ہی کم ہوگا۔

جناب غفران لنکا صاحب نے کہا کہ فی الحال ویلفئیر اسپتال میں اس کے لیے چار مشینیں رکھی گئی ہیں جس کو ماہر نیفرولوجسٹ کی زیر نگرانی چلایا جائے گا جنہیں اس میدان میں بارہ سالہ تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تعداد بڑھتی ہے اور لوگ زیاد ہ آتے ہیں تو پھر یہاں 9 مشینوں تک رکھنے کے بارے میں سوچا جاسکتا ہے۔

رجسٹریشن کے لیے عوام ویلفئیر اسپتال پہنچ کر اپنا نام درج کرسکتے ہیں یا پھر اس نمبر پر رابطہ کرکے بھی اپنا نام دے سکتے ہیں۔9019330977

اخباری کانفرنس میں جناب معاذ جوکاکو، جناب غفران لنکا، جناب سیفان شنگیری ، جناب ہاشم محتشم، جناب حارث شابندری، جناب طلحہ اکرمی وغیرہ موجود تھے۔

واضح رہے کہ انڈین نوائط فورم بیرونِ بھٹکل اور اندرونِ ہند کی آٹھ جماعتوں پر مشتمل ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کی بنیاد 2018 میں چند اعلیٰ مقاصد کے تحت ڈالی گئی تھی۔ اس ادارے کا بنیادی اور اہم مقصد ان جماعتوں کے ممبران کے درمیان باہمی ربط وتعلق کو مضبوط کرنا اور حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے  قوم کے نوجوانوں کو حتی الامکان معاشی اعتبار سے مستحکم کرنا ہے ۔  اس کے ساتھ ساتھ دینی ، سماجی ، تعلیمی واخلاقی اعتبار سے ہر ممکن مالی تعاون بھی پیش کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کا ایک عظیم مقصد تمام شہریوں کے درمیان مختلف اداروں کے ساتھ آپسی مفاہمت اور اتفاق رائے کے ذریعہ بغیر کسی مذہبی ونسلی تفاوت واختلاف کے مساویانہ تعلقات قائم کرنا ہے۔انڈین نوائط فورم کی جانب سے کورونا مہاماری کے اس دور میں ایک طرف ضرورت مند افراد کے درمیان اناج اور کھانے کی ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں تو وہیں دوسری طرف  مجلس اصلاح وتنظیم اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے تعاون سے بھٹکل میں ہی کویڈ پرائمری ہیلتھ کیر کا قیام عمل میں آیا تھا جہاں بہت سے مریضوں کو دوستانہ ماحول فراہم کرتے ہوئے ان کا  تشفی بخش علاج کرکےانہیں گھر روانہ کیا گیا  تھا ۔

x

Check Also

بھٹکل میں پہلا روزہ  ہوا مکمل؛ شام ہوتے ہی افطاری سامان کی رونقیں ہوئی بحال۔افطار کی تیاری میں نظر آئے عوام

بھٹکل : 13 مارچ،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں گذشتہ رات بجلی ...