بنیادی صفحہ / بھٹکل و اطراف / رابطہ تعلیمی ایوارڈ پروگرام کا انعقاد؛ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور  اور ظفر یاب جیلانی کی شرکت

رابطہ تعلیمی ایوارڈ پروگرام کا انعقاد؛ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور  اور ظفر یاب جیلانی کی شرکت

Print Friendly, PDF & Email

بھٹکل: 10 اگست، 18 (بھٹکلیس نیوز بیورو) رابطہ تعلیمی ایوارڈ کا شاندارپروگرام آج بعد نماز عصر انجمن میدان میں منعقد ہوا جس میں ریاستی نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری جناب ظفر یاب جیلانی صاحب اور دیگر عمائدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کو اس ملک میں کسی سے ڈرنے یا خوف کھانے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ یہ ملک کسی ایک پارٹی یا کسی ایک مذہب کے ماننے والوں کی جاگیر نہیں ہے، یہاں سب کو ان کا حق برابر کا ملنا چاہئے یہ ہمارے ملک کا دستور کہتا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر آزادی کے بعد سے ملک میں ہوئی ترقیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا میں جہاں بھی جائیں ہر شعبہ میں ہندوستانی ماہرین ضرور نظر آئیں گے یہ ہماری علم سے محبت کی دلیل ہے۔

محترم نائب وزیر اعلیٰ نے اپنے پرانے دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سیاسی استاد اسی بھٹکل سے تعلق رکھتے ہیں جن کے آج بھی وہ احسان مند ہیں اور مرنے تک ان کو نہیں بھلا سکتے ہیں، انہوں نے اپنی تقریر کے دوران مرحوم ایس ایم یحیٰ صاحب اور ان کے خاندان والوں کا نام لے کر ان کو خراج عقیدت و تحسین پیش کیا۔ اور کہا کہ انہیں سیاست میں لانے والے ہی مرحوم یحیٰ صاحب ہیں۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری اور مشہور وکیل جناب ظفر یاب جیلانی صاحب نے بھی نائب وزیر اعلیٰ کی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ مسلمان یہاں کسی کی سوغات یا بھیک سے نہیں رہ رہے ہیں بلکہ ملک کا دستور ہی ہمیں تمام بنیادی حقوق عطا کرتا ہے جو کہ ایک جمہوری ملک کی عوام کے لئے ضروری ہوتے ہیں۔

انہوں نے  اس موقع پر رابطہ کے ذمہ داران کو مبارکباد دی اور کہا کہ مسلمان اپنے دین کے ساتھ جڑ کر جب تک تعلیمی میدان میں آگے رہیں گے کوئی بھی انہیں کچھ نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ کیا گیا جب کہ جنرل سکریٹری جناب یونس قاضیا صاحب نے اجلاس کی غرض و غایت بیان کی اور مہمانان کا استقبال کیا، صدر اجلاس جناب زاہد رکن الدین صاحب نے صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

رابطہ تعلیمی ایوارڈ کی تفصیل کچھ یوں ہے: تقریبا سات لاکھ روپئے کی مالیت کا یہ تعلیمی ایوارڈ امسال 27/خوش نصیب طلبہ و طالبات میں تقسیم ہوا جس میں امسال بھی لڑکوں کے مقابلہ میں لڑکیوں نے بازی ماری۔

جن کے حصے میں کل 22/ایوارڈ آئے.جس میں خصوصی ایوارڈ کمیکل انجنئرنگ میں چھ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے عبدالباعث ابن عبد الباسط کاڈلی صاحب کو دیا گیا جبکہ ایم اے ایل ایل ایم میں گولڈ میڈل لینے والی ہونہار طالبہ اور حالیہ مقررہ کیلی فورنیا کی اٹارنی جنرل محترمہ خدیجہ بنت محمد سلیم کولاکو دیا گیا۔

اس کے علاوہ امسال رولنگ شیلڈ انجمن گرلز ہائی اسکول کو دی گئی جبکہ ٹیچر آف دی ایئر کا ایوارڈ محترمہ معینہ ایس ایم بنت عبدالرحمن باطن کے نام رہا جو کہ نیو شمس اسکول میں کئی سالوں سے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ تدریسی خدمات انجام دے رہی ہیں۔

اس اجلاس کا اختتام چیف قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین مولاناخواجہ معین الدین اکرمی مدنی کی دعا پر ہوا۔

 

 

x

Check Also

ویسٹرن رینج آئی جی پی کا بھٹکل کے تاریخی مقامات کا دورہ

بھٹکل: 15 دسمبر، 18 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ویسٹر ن رینج کے آئی ...