بنیادی صفحہ / بھٹکل و اطراف / جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں تکمیل حفظ قرآن کریم کے جلسہ کا انعقاد

جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں تکمیل حفظ قرآن کریم کے جلسہ کا انعقاد

Print Friendly, PDF & Email

بھٹکل: 14 مارچ، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) جامعہ اسلامیہ کی مسجد میں امسال جامعہ اور اس کے جملہ مکاتب سے حافظ ہونے والوں کے اعزاز میں آج صبح 10:00 بجے  ایک خوبصورت محفل سجائی گئی جس میں سابق صدر شعبہ حفظ جامعہ اسلامیہ جناب حافظ کبیر الدین صاحب نے حفاظ کے حفظ کی تکمیل کرائی اور حفاظ کو گرانقدر انعامات سے نوازا گیا۔
جلسہ کا آغاز قاری فہیم الدین بن حافظ کبیر الدین صاحب کی خوش الحان تلاوت سے ہوا اس کے بعد صیام رکن الدین نے بارگاہ رسالت میں گلہائے نعت پڑھی۔ اس موقع پر حفاظ کے حق میں طریف ابوحسینا نے منظوم تہنیتی کلام اپنی سریلی آواز میں پیش کیا جس میں انہیں مبارکبادی کے کلمات کے ساتھ زندگی بھر قرآن کی تلاوت کا معمول رکھنے اور قرآن سے تعلق رکھنے کی ترغیب دی۔ نیز دوران جلسہ جناب ماہر القادری کی نظم قرآن کی فریاد عزیزی حسن ثابت نے پیش کی۔
ملحوظ رہے کہ صدر شعبہ حفظ جامعہ اسلامیہ مولانا حافظ عمران صاحب اکرمی نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ مولانا حافظ عرفان صاحب ندوی نے قرآن مجید کی عظمت اور حفاظ کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔


اس کے علاوہ علماء کرام نے اپنے تاثرات میں تمام حفاظ کو مبارکباد دیتے ہوئے قرآن کریم کی تلاوت اور اس پر عمل کی ضرورت پر مفید نصائح سے نوازا۔
واضح رہے کہ سابقہ کچھ سالوں سے جامعہ اسلامیہ سے عالمیت کی تکمیل اور دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو سے فضیلت کی تکمیل کے بعد حفظ قرآن مجید کے شوق میں طلبہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں داخلہ لیتے ہیں اور اپنی محنت کے اعتبار سے سال دو سال میں قرآن مجید کو اپنے سینوں میں محفوظ کرلیتے ہیں، آج کی تقریب میں ایسے پانچ طلبہ شامل رہے، ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مولوی جساد ندوی بن عبدالقادر جیلانی سعدا نے اپنے احساسات کا اظہار کیا اور اس سلسلہ کو مزید جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ اس کے علاوہ حافظ قتادہ ابن مولانا طلحہ صاحب رکن الدین ندوی جنھوں نے عالمیت کے ساتھ ساتھ فارغ اوقات میں اپنی والدہ کے پاس قرآن مجید کو حفظ کیا۔ صدر جامعہ مولانا محمد اقبال صاحب ملا ندوی کی دعا اور انعامات کے ساتھ قبل از ظہر جلسہ حسن اختتام کو پہونچا۔
اس موقع پر صدر جامعہ مولانا محمد اقبال صاحب ملا ندوی، نائب صدر جامعہ مولانا صادق صاحب اکرمی ندوی، ناظم جامعہ جناب محمد شفیع صاحب شہ بندری، نائب ناظم جامعہ مولنا طلحہ صاحب رکن الدین ندوی، مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد صاحب کوبٹے ندوی، اراکین شوری و ذمہ داران جامعہ کے علاوہ ان حفاظ کی حوصلہ افزائی کر نے کے لیے علماء و عمائدین شہر کی کثیر تعداد حاضر بزم رہی۔

x

Check Also

منڈلی میں پچھلے ایک سال سے لوگوں کو پریشان کر رہے بندر کو پکڑ لیا گیا

بھٹکل: 17 اپریل، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) منڈلی گرام پنچایے حدود میں ...