بھٹکل: 4 جنوری،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ابھی حال ہی میں ہوئے گرام پنچایت انتخابات میں حنیف آباد اور رحمت آباد علاقے سےجیتنے والے ممبران کے اعزاز میں کل3جنوری 2021بروز اتوار بعد نماز عصر مسجد ابوبکر کے زیر اہتمام تہنیتی اجلاس منعقد کیاگیا تھا جس میں پنچایت کے نومنتخب ممبران سید علی مالکی، ابو علی ، کلیم خان، پرنس پیٹر، سچن موگیر، نورِ عرفات ، بی بی رقیہ اور لیلاوتی کی شال پوشی کرتےہوئے ان کی تہنیت کی گئی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تینگن گنڈی جماعت المسلمین کے سکریٹری مولانا محمد اقبال ڈانگی نے خطاب کرتے ہوئے تمام نومنتخب ممبران کو مبارکباد دی اور علاقے کی ترقی کے لیے کوشش کرنے اور یہاں کے بڑے بڑے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی ترغیب دی۔جبکہ مسجد ابوبکر کے خازن مولانا رحمت اللہ رکن الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں بہت سارے مسائل ایسے ہیں جن کا تعلق گرام پنچایت ممبران سے نہیں ہے بلکہ تعلقہ پنچایت، ضلع پنچایت ممبران اور رکن اسمبلی سے ہوتا ہے ۔اس لیے ضروری ہے کہ ان سے بھی ملاقات کی جائے اور پنچایت ممبران کو اعتماد میں لےکر ان عوامی نمائندوں سے بھی ملاقات کرکے علاقے کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔
اس تقریب کا آغاز ناصر طاہر باپو کی تلاوت قرآن سےہوا۔ مسجد ابوبکر کے جنرل سکریٹری یحییٰ ہلارے نے استقبال کیا۔ مولوی حسن البناء نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ ڈائس پر مسجد ابوبکر کے صدر سید محمد صائب بافقی اور نائب صدر علاؤالدین کولا موجود تھے۔