بنیادی صفحہ / بھٹکل و اطراف / جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے فارغ ہونے والوں کے اعزاز میں سجی خوبصورت الوداعی تقریب

جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے فارغ ہونے والوں کے اعزاز میں سجی خوبصورت الوداعی تقریب

Print Friendly, PDF & Email

بھٹکل: 3 مارچ،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں سابقہ سالوں کی طرح امسال بھی طلبائے عالیہ رابعہ کے اعزاز میں عالیہ ثالثہ کے طلبہ نے خوبصورت الوداعی تقریب کا اہتمام کیا ہے۔ یہ تقریب کل تین نشستوں پر مشتمل ہوگی، جس کی پہلی نشست آج 19 رجب المرجب 1442ھ مطابق 3 مارچ 2021ء بروز بدھ بعد نماز عصر پانچ بجے دارالعلوم کے صحن میں منعقد ہوئی جس میں کل 96 فارغین میں سے 12 فارغین نے  اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے مادر علمی سے تعلق ظاہر کیا ۔
پہلی نشست کا آغاز عزیزم ابوالحسن ابن جنید مولوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور حواش ابن شکیل احمد محتشم نے مدح سرائی کی۔اس کے بعد قتادہ ابن مولانا طلحہ صاحب رکن الدین نے جلسہ کی غرض و غایت پیش کرتے ہوئے عوام کو علماء کی فضیلت سے باخبر کیا۔
اس موقع پر تاثرات پیش کرنے والے فارغین ایک طرف علماء کی فہرست میں نام شامل ہوکر خوشی محسوس کررہے تھے تو دوسری طرف مادر علمی سے فراق کا غم بھی ان کے چہرے پر نمایاں تھا۔ دوران تعلیم پیش آمدہ مسائل و مفید پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے یہ پیغام  بھی دے رہے تھے کہ آپ پر کیسے بھی حالات آئیں لیکن کبھی دینی تعلیم کو خیر باد مت کہنا۔ نیز نیک صحبت، وقت کے صحیح استعمال اور صبر کی تلقین بھی کررہے تھے اور بانیان جامعہ اور محسنین کے احسانات کا شکر بجا لاتے ہوئے ان کے حق میں دعائے خیر کررہے تھے۔


واضح رہے کہ پہلی نشست کی نظامت رفیق شیخ ، عبداللہ میمن، قتادہ رکن الدین اور معتصم تار نے بحسن و خوبی سنبھالی جبکہ شہزان جوکاکو نے دوران تقریب استقبالیہ کلمات پیش کیے۔
مغرب کی اذان سے قبل پہلی نشست مکمل ہوئی۔
ملحوظ رہے کہ اس کی دوسری نشست ابھی جاری ہے اور تیسری اور آخری نشست ان شاء اللہ کل 20 رجب المرجب 1442ھ مطابق 4 مارچ 2021ء بروز جمعرات صبح 9 بجے سے شروع ہوگی۔

علاقات عامہ
جامعہ اسلامیہ بھٹکل

x

Check Also

لاک ڈاؤن کے دوران رابطہ کی زیر نگرانی عوام کی خدمت کرنے والوں کی بھٹکل مسلم خلیج کونسل کی طرف سے تہنیت

بھٹکل: 10 مارچ،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کورونا لاک ڈاؤن کے دوران بھٹکل ...