بھٹکلیس نیوز / 16 ستمبر،2017
بھٹکل / (نامہ نگار) بھٹکل میں دو دن قبل میونسپالٹی کے کاملیکس میں خود سوزی کرنے کے بعد تقریباً پورے طور پر جھلس جانے والے آسارکیری کے رامچندرا نائک کی کل رات موت واقع ہوگئی ہے۔ اس کی موت کی خبر ملتے ہی بھٹکل میں شرپسند اپنے ارادوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش میں لگے ہوئے لیکن پولس فورس ان تمام کے ارادوں پر پانی پھیرنے کے لئے پوری مستعدی دکھا رہی ہے اور کہیں پر بھیڑ کو جمع ہونے نہیں دے رہی ہے۔ اس دوران تعلقہ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر اسکولوں اور کالج کے طلبہ کو آج بھی چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔
ضلعی ایس پی مسٹر پاٹل خود بھٹکل میں موجود ہیں اور حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن و امان کی فضا بنائے رکھیں۔
واضح رہے کہ بھٹکل میں گزشتہ ایک ہفتہ میں یہ دوسری چھٹی ہے جو حالات کے پیش نظر دی گئی ہے۔ تعلیمی اداروں کا کہنا ہے کہ چونکہ ستمبر کے اواخر میں طلبہ کے سیمسٹر امتحانات ہونے والے ہیں تو ایسے میں اس طرح سے چھٹیوں کا ہونا طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔