بنیادی صفحہ / بھٹکل و اطراف / اتر کینرا میں مزید چار افراد کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو: دوسری ریاستوں سے لوٹے تھے تمام افراد

اتر کینرا میں مزید چار افراد کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو: دوسری ریاستوں سے لوٹے تھے تمام افراد

Print Friendly, PDF & Email

بھٹکل: 19 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) لاک ڈاؤن تھری کے آخری دنوں میں لوگوں کو خلیجی ممالک اور دیگر ریاستوں سے آنے کی سہولت دینے کے بعد ریاست میں کورونا کے معاملات میں دن بدن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ کل ریاست میں کورونا کے 99 مریض پائے گئے تھے جبکہ کل شام پانچ بجے سے ابھی 12:00 بجے تک ریاست میں کورونا کے 127 نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ جس کے ساتھ ہی ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد 1373 ہوگئی ہے جبکہ اس میں سے 530مریض شفا یاب ہوئے ہیں اور 40 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

سرکار کی طرف سے جاری ہیلتھ بلٹین کے مطابق آج سب سے زیادہ معاملات منڈیا میں سامنے آئے ہیں جہاں کل  61کورونا کے مریض پائے گئے ہیں جبکہ کلبرگی میں 11، بینگلور میں 5، اڈپی میں چار اور اتر کینرا میں چار مریض پائے گئے ہیں۔

اتر کینرا میں جو چار مریض پائے گئے ہیں یہ تمام افراد گجرات، مہاراشٹرا اور تمل ناڈو سے لوٹے تھے۔ اطلاع کے مطابق یلاپور میں ایک 16 سالہ لڑکی کی رپورٹ پوزیٹیو پائی گئی ہے جو کہ 14 مئی کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ مہاراشٹرا سے یلاپور لوٹی تھی اور اسی وقت سے سرکاری طور پر کورنٹائن تھی۔

ضلع میں دوسرا معاملہ ڈانڈیلی سے سامنے آیا ہے جہاں ایک 24 سالہ ٹرک ڈرائیور کورونا کا شکار ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ شخص گجرات سے اپنے ٹرک کو لے کر ڈانڈیلی  آیا ہوا تھا اور اسی وقت سے کورنٹائن سینٹر میں تھا۔

ہوناور میں آج مزید ایک خاتون میں کورونا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس خاتون کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ بھی مہاراشٹرا سے لوٹی تھی۔

اسی طرح جوئیڈا میں بھی ایک خاتون کو کورونا کا مرض لاحق ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے جو کہ کچھ دنوں قبل تمل ناڈو کے مدلور سے لوٹی تھی۔

ان چار نئے معاملات کے ساتھ ضلع میں کل مریضوں کی تعداد 52 ہوگئی ہے جبکہ اس میں سے 11افراد صحت یاب ہوکر اپنے گھر لوٹ چکے ہیں۔

 

 

x

Check Also

مرحوم نثار گنگاولی بحرین میں سپرد خاک

بھٹکل: 4 جون،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکلیس ڈاٹ کام کے نمائندے جناب ...